پروگرام کا نام: خدا کی کہانی
قسط: مسیح کی آمد سے لے کر آخرت تک
حوالاجات: اناجیل اربعہ، اعمال، مکاشفہ
یہ پروگرام مسیحی تعلیمات پر مبنی ایک ڈرامائی اور بائبلی کہانی ہے جو حضرت عیسیٰؑ کی آمد سے شروع ہوتی ہے اور آخرت تک کے واقعات پر روشنی ڈالتی ہے۔ اس میں حضرت عیسیٰؑ کی زندگی کے اہم واقعات جیسے ان کی تعلیمات، معجزات، دعووں، صلیب پر موت، اور دوبارہ جی اٹھنے کا تذکرہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ رسولوں کی گواہی اور منادی کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ بائبل میں بیان کی گئی آخرت کے متعلق پیشگوئیوں کا تذکرہ ہوتا ہے، جہاں قیامت اور حضرت عیسیٰؑ کی دوبارہ آمد کے بعد ہونے والے واقعات کی تفصیل بیان کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام خدا کے اُس منصوبے کو ظاہر کرتا ہے جو دنیا کے خاتمے اور آخری فیصلے سے متعلق ہے۔ مسیح میں نجات کے لیے عملی اقدامات میں سب سے پہلے یہ ہے کہ ہم حضرت عیسیٰؑ کو دل سے خداوند اور نجات دہندہ مانیں اور ایمان لائیں کہ خدا نے اُنہیں مُردوں میں سے زندہ کیا۔ (رومیوں 10: 9)۔ پھر اپنے گناہوں کا اقرار کریں اور سچی توبہ کریں، جیسا کہ بائبل کہتی ہے: "پس توبہ کرو اور رُجوع لاؤ تاکہ تمہارے گناہ مِٹ جائیں۔” (اعمال 3: 19)۔ اس کے بعد حضرت عیسیٰؑ کی پیروی میں بپتسمہ لینا ضروری ہے، کیونکہ یہ خدا کے ساتھ نئے عہد کا اظہار ہے (اعمال 2: 38)۔ نجات پانے کے بعد مقدس زندگی گزارنا، خدا کے کلام میں ترقی کرنا (2 پطرس 3: 18) اور دوسروں تک خوشخبری پہنچانا ضروری ہے (متی 28:19)۔ خداوند یسوع مسیح میں نجات کا وعدہ ہے کہ جو کوئی بھی اُس پر ایمان لائے گا وہ ابدی زندگی پائے گا (یوحنا 3: 16)۔ یہ پروگرام نجات کا ایک مکمل راستہ پیش کرتا ہے، جو خدا کے منصوبے کے مطابق قیامت اور حضرت عیسیٰؑ کی دوبارہ آمد تک لے جاتا ہے۔